راولپنڈی: ضلع باجوڑ میں سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر شدت پسندوں کے حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 12 خوارج کو ہلاک کر دیا، تاہم خودکش دھماکے میں 11 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 16 فروری کو ضلع باجوڑ میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جس کے بعد سکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔ کارروائی کے دوران 12 خوارج مارے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: شانگلہ: کابلگرام میں پولیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپ، تین اہلکار شہید

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ حملہ آور چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ بیان کے مطابق، ناکامی کے بعد حملہ آوروں نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں 11 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

 

فوج کے ترجمان نے بتایا کہ دھماکے کے باعث قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے میں ایک کمسن لڑکی شہید جبکہ سات افراد زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور مزید خوارج کی تلاش کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔