پشاور کے علاقے چمکنی فروٹ منڈی میں مالٹے/کینو کی خرید و فروخت اور سرکاری نرخ نامے کے تنازع پر فریقین کے درمیان زبانی تکرار کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیے: مردان: طورو قیوم آباد میں فائرنگ، سابق صدر ڈسٹرکٹ بار نور بادشاہ ایڈوکیٹ جاں بحق
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں عبدالبصیر ولد سمیع اللہ اور نثار جمروز خان ولد نامعلوم، ساکنان بخشی پل شامل ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں ہلال، ساجد اور گل ماما شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے اور علاقے میں تفتیش کا آغاز کر دیا۔ پولیس نے نامزد 5 سے 6 افراد کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302، 324، 148 اور 149 کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
