وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت سیاست سے بڑھ کر اہم ہے اور اس معاملے میں کسی بھی قسم کی سیاسی رائے یا اقدامات برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

 

 انہوں نے کہا کہ پوری قوم میں عمران خان کے لیے محبت اور جذبات موجود ہیں، اور اس وقت پائے جانے والے غم اور غصے کا انہیں بخوبی احساس ہے، مگر یہ جذبات کمزوری نہیں بلکہ طاقت بننی چاہیے۔

 

یہ بھی پڑھیے:  بانی پی ٹی آئی کے صاحبزادے قاسم اور سلیمان خان کا پاکستان ویزا جاری نہ ہونے کی وجہ سامنے آ گئی

 

سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ عمران خان پاکستان کے سابق اور موجودہ وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے تاحیات چیئرمین ہیں، اور ان کی صحت کے ساتھ مذاق کرنا ناقابل معافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا بہترین علاج اولین ترجیح ہے اور یہ ذاتی معالج کی نگرانی میں اور فیملی کے اعتماد سے کیا جائے گا۔

 

وزیر اعلیٰ نے ورکرز سے اپیل کی کہ وہ بغیر کسی آفیشل کال کے پُرامن رہیں اور نزدیک موجود ورکرز کا ساتھ دیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بعض مخالفین اور انتشاری عناصر احتجاج کو خراب کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ تمام ورکرز سے کہا گیا کہ وہ منفی اور جھوٹے پروپیگنڈے پر یقین نہ کریں جب تک خبر کی تصدیق خاندان یا جماعت کی طرف سے نہ ہو۔

 

انہوں نے عوام کو اعتماد دلایا کہ عمران خان کا علاج جلد از جلد مکمل کیا جائے گا اور ان کے علاج کے ساتھ ساتھ سیکورٹی کا بھی مکمل خیال رکھا جائے گا۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق علاج 16 فروری تک مکمل ہونا چاہیے۔