پشاور قیوم اسپورٹس کمپلیکس کے ارینا ہال میں گاڑیوں کی پرسنلائزڈ مارکس چوائس نمبر پلیٹس کی جاری نیلامی میں ریکارڈ بولیاں سامنے آگئیں، جہاں "وزیرستان 1" نمبر پلیٹ سب سے زیادہ قیمت پر فروخت ہوئی۔
نیلامی کے دوران "وزیرستان 1" چوائس نمبر پلیٹ 4 کروڑ 6 لاکھ روپے کی خطیر رقم میں فروخت ہوئی، جسے فیض الرحمان نے حاصل کیا۔ یہ بولی اب تک کی نیلامیوں میں لگنے والی سب سے بڑی بولی قرار دی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور: من پسند نمبر پلیٹس کی نیلامی، سب سے مہنگی نمبر پلیٹ کس نے خریدی؟
نیلامی میں عوام کی غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی اور مختلف چوائس نمبر پلیٹس کے لیے مقابلہ انتہائی سخت رہا۔
اس موقع پر "مہمند 1" نمبر پلیٹ پر دوسری بڑی بولی لگی، جو 3 کروڑ 21 لاکھ روپے میں فروخت ہوئی۔ یہ نمبر پلیٹ حاجی ظاہر گل نے خریدی۔
اسی طرح "پشتون 1" نمبر پلیٹ پر تیسری بڑی بولی سامنے آئی، جو 1 کروڑ 32 لاکھ روپے میں فروخت کی گئی۔نیلامی کا عمل تاحال جاری ہے اور مزید چوائس نمبر پلیٹس پر بولیاں لگائی جا رہی ہیں۔
