عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 10 سالہ اور 20 ارب ڈالر کے ترقیاتی پروگرام پر عمل درآمد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سعودی عرب میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی عالمی بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان جاری ترقیاتی تعاون پر بات چیت کی گئی۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق ملاقات کے دوران توانائی، تعلیم، صحت اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ قرض کے بدلے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
عالمی بینک نے مختلف منصوبوں پر بہتر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان کی معاشی اصلاحات کی حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
