پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے موسمی انتباہ جاری کر دیا ہے۔

 

 پی ڈی ایم اے کے مطابق کل  رات سے منگل کے روز تک صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبے کے بالائی اضلاع ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، چترال اپر و لوئر، دیر اپر و لوئر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان اپر و لوئر اور کولائی پالس میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔

 

محکمہ کے مطابق صوبے کے میدانی علاقوں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکوں کی بندش اور پھسلن کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو بالائی اور برفباری والے علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں کو آندھی، گرج چمک اور برفباری کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ کسانوں اور مویشی پال حضرات کو فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی تلقین بھی کی گئی ہے۔

 

محکمہ کے مطابق حساس علاقوں میں ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال یا معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔