پشاور کے تھانہ پھندو کی حدود میں پولیس نے کامیاب کارروائی کے دوران پولیس مقابلے میں 7 سنگین مقدمات میں انتہائی مطلوب اجرتی قاتل میر اسلم عرف میرو کو ہلاک کر دیا۔

 

پولیس کے مطابق ملزم قتل، راہزنی، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں مختلف تھانوں کو مطلوب تھا، جن میں تھانہ پھندو، گلبہار، چمکنی، داؤد زئی، خزانہ اور فقیر آباد شامل ہیں۔ 

 

یہ بھی پڑھیے:  سعید اللہ عرف ڈائناسور کو مار دیا گیا

 

میر اسلم عرف میرو ایک پیشہ ور اجرتی قاتل تھا اور متعدد قتل کی وارداتوں میں ملوث رہا، جبکہ اجرتی قتل کے کئی مقدمات میں پولیس کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کے دوران اس نے پولیس پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں ہونے والے مقابلے میں وہ ہلاک ہو گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔

 

سی سی پی او پشاور کی ہدایات پر پشاور پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔