پشاور کے علاقے شہید آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد کی فائرنگ سے پولیس کی حراست میں موجود دو ملزمان ہلاک ہو گئے، جبکہ پولیس پارٹی محفوظ رہی۔
پولیس کے مطابق تھانہ پشتخرہ کے ایس ایچ او اور تفتیشی ٹیم خونی راہزنی کے ایک مقدمے میں گرفتار ملزمان سعید اللہ عرف ڈائناسور اور شاہ زیب عرف گوپھی کو موقع واردات کی نشاندہی کے لیے لے جا رہی تھی۔
اس دوران شہید آباد قبرستان کے قریب اچانک نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار محفوظ رہے، تاہم زیرِ حراست دونوں ملزمان گولیاں لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان 2 جنوری کو راہزنی کے دوران فائرنگ کرکے نوجوان شاہ زیب کو بے دردی سے قتل کرنے کے مقدمے میں نامزد تھے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
