لکی مروت کے تھانہ سٹی کی حدود بھانہ منجیوالا کے قریب نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد نصب کرکے مین گیس پائپ لائن کے ٹی بی ایس (ٹرانسمیشن بوسٹنگ اسٹیشن) کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے کے باعث ٹی بی ایس اور گیس ترسیلی لائن کو شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں پائپ لائن سے بڑی مقدار میں گیس کا اخراج شروع ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیے: خیبر پختونخوا: شمالی وزیرستان میں رابطہ پل، لکی مروت میں گیس پائپ لائن پر عسکریت پسندوں کا دھماکہ
گیس لیک ہونے کے باعث موقع پر آگ بھڑک اٹھی، جس کے شعلے دور دور تک دکھائی دیتے رہے۔ دھماکے کی شدت سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری گھروں سے باہر نکل آئے، جبکہ گیس کے اخراج کا شور بھی کافی دیر تک سنائی دیتا رہا۔
واقعے کے نتیجے میں گیس سپلائی لائن متاثر ہونے سے ہزاروں گھروں کو گیس کی فراہمی منقطع ہو گئی، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اطلاع ملتے ہی متعلقہ اداروں اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
