خیبر پختونخوا کے دو اضلاع میں رات گئے پیش آنے والے دو الگ الگ واقعات میں شمالی وزیرستان میں ایک اہم رابطہ پل اور لکی مروت میں گیس پائپ لائن کو عسکریت پسندوں نے دھماکوں کے ذریعے نشانہ بنایا۔
پولیس ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ میں دریائے کرم پر قائم رابطہ پل کو بارودی مواد کے ذریعے تباہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں پل مکمل طور پر منہدم ہو گیا۔ پل کی تباہی کے باعث میرعلی، میران شاہ، ٹل اور دیگر ملحقہ علاقوں کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، جس سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب لکی مروت میں تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں انڈس ہائی وے کے قریب عسکریت پسندوں نے گیس پائپ لائن کو دھماکے سے نقصان پہنچایا۔ واقعے کے بعد علاقے میں گیس کا اخراج جاری ہے، جس سے حفاظتی خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
پولیس نے دونوں مقامات کو فوری طور پر کنٹرول میں لے لیا اور واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
