صوبائی حکومت نے وادی تیراہ کے متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور سہولت کے لیے مجموعی طور پر 4 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں، جن کا مقصد متاثرین کو شفاف اور بروقت امداد فراہم کرنا ہے۔
معاونِ خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان کے مطابق 31 جنوری 2026 تک متاثرہ خاندانوں کی ٹرانسپورٹ اور دورانِ سفر خوراک کی مد میں 92 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، جبکہ تمام اخراجات کا مکمل آڈٹ ایبل ریکارڈ مرتب کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: خیبر: سیاسی اتحاد باڑہ کا متاثرینِ تیراہ کے حق میں بڑا اعلان
انہوں نے بتایا کہ اس ریکارڈ میں ضلعی انتظامیہ اور مقامی مشران کی تصدیق، وصول کنندگان کے دستخط اور شناختی کارڈ کی تفصیلات شامل ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کا امکان نہ رہے۔
معاونِ خصوصی کے مطابق صوبائی حکومت نے امدادی معاوضہ پیکیج اور ماہانہ معاونت کی مد میں 2 ارب 40 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، جو متاثرہ خاندانوں کو نادرا رجسٹریشن اور تصدیق کے بعد ڈیجیٹل طریقے سے فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امدادی رقوم براہِ راست متاثرین کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائیں گی اور معاوضوں کی ادائیگی میں مکمل شفافیت اور سخت مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ عوامی وسائل اور فنڈز کے تحفظ کے لیے سخت نگرانی کا نظام نافذ ہے، جبکہ صوبائی حکومت بدعنوانی کے تدارک اور شفاف طرزِ حکمرانی کے فروغ کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
