ضلع خیبر کی وادی تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے متاثرہ خاندانوں کو کرایہ کی مد میں ادائیگی کے لیے ضلعی انتظامیہ نے باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت شاہ ہاؤس عالم گودر میں تمام اقوام کے لیے الگ الگ دن مقرر کیے گئے ہیں۔

 

 انتظامیہ کے مطابق پیر کے روز قوم زخہ خیل، منگل کو ملک دین خیل، بدھ کو برقمبر خیل، جمعرات کو شلوبر اور قمبر خیل جبکہ جمعہ کے روز آدم خیل اور کمر خیل کے متاثرین کو ادائیگیاں کی جائیں گی۔ اس تقسیم کا مقصد غیر ضروری رش سے بچاؤ، نظم و ضبط اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے:  اسلام آباد میں اہم ملاقات، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور عالمی بینک کے صدر کے درمیان کن شعبوں میں تعاون طے پایا؟

 

ادھر وادی تیراہ سے مقامی آبادی کی نقل مکانی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور ہزاروں خاندان اپنے آبائی علاقوں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔

 

 ضلعی انتظامیہ خیبر کے مطابق اب تک 16 ہزار سے زائد متاثرہ خاندانوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ یہ عمل روزانہ کی بنیاد پر معمول کے مطابق جاری ہے۔

 

انتظامیہ نے تحصیل باڑہ کے مختلف علاقوں میں پانچ رجسٹریشن مراکز قائم کیے ہیں، جن میں پائندہ چینہ میں قبیلہ زخہ خیل، تکیہ مرکز میں برقمبر خیل، قمبر آباد میں شلوبر، بادشاہ خان کلے میں ملک دین خیل اور الحاج مارکیٹ میں کمر خیل اور آدم خیل کے آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن، تصدیق اور دیگر ضروری کارروائیاں انجام دی جا رہی ہیں۔ ضلعی حکام کے مطابق متاثرین کی سہولت، رش کے بہتر انتظام اور شفافیت کے لیے انتظامی اقدامات میں مسلسل بہتری لائی جا رہی ہے۔

 

خواتین کی سہولت کے لیے ایک اہم فیصلہ یہ بھی کیا گیا ہے کہ برقمبر خیل تکیہ مرکز پر عارضی بنیادوں پر جمعہ اور ہفتہ کے روز رجسٹریشن صرف خواتین کے لیے مختص ہوگی، تاکہ انہیں طویل انتظار اور دیگر مشکلات سے بچایا جا سکے۔