خیبر کی تحصیل پائندہ چینہ میں وادی تیراہ سے آنے والے اندرونی طور پر بے گھر ہونے والے افراد (آئی ڈی پیز) کی رجسٹریشن کا عمل ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں منظم، شفاف اور باعزت انداز میں جاری ہے۔
متاثرہ خاندانوں کو رجسٹریشن کے دوران ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق رجسٹریشن کے دوران بعض آئی ڈی پیز خاندانوں کی جانب سے شکایات موصول ہوئیں کہ کچھ عناصر ٹوکن کے نام پر مستحق افراد سے غیر قانونی طور پر ایک ہزار سے دو ہزار روپے وصول کر رہے ہیں۔
شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر امان اللہ نے ایس ایچ او بازار زخہ خیل کے ہمراہ پائندہ چینہ اسکول اور اس کے اطراف میں چھاپہ مار کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران مستحق افراد سے غیر قانونی رقم وصول کرنے اور شناختی کارڈ کا پتہ تبدیل کرنے میں ملوث 08 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی ٹوکن، شناختی کارڈز اور وصول کی گئی رقوم برآمد کر لی گئیں، جبکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے افسران رجسٹریشن کے تمام مراحل کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق رجسٹریشن کے عمل میں خواتین اور بچوں کو ترجیح دی جا رہی ہے، جنہیں پہلے مرحلے میں کلیئر کیا جاتا ہے، اس کے بعد مرد حضرات کی رجسٹریشن کی جاتی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن کا عمل رات گئے تک جاری رکھا جاتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت رجسٹر کیا جا سکے۔ وادی تیراہ سے آنے والے آئی ڈی پیز کو پائندہ چینہ کیمپ میں رہائش کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
کیمپ میں متاثرہ خاندانوں کو کھانے پینے کی اشیاء باقاعدگی سے فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ عوامی سہولت کے لیے ضلع بھر کے انتظامی افسران کی ڈیوٹیاں بھی پائندہ چینہ میں لگائی گئی ہیں تاکہ آئی ڈی پیز کو ہر ممکن خدمات مہیا کی جا سکیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق آئی ڈی پیز کی بحالی اور سہولت کاری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
