پشاور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) حملہ کیس میں نامزد ملزمان کی ضمانت درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اہم فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے مقدمے میں نامزد دو ملزمان جان ولی عرف شینا اور شکیل کو عدم ثبوت کی بنیاد پر بری کرنے کا حکم دے دیا۔
یہ بھی پڑھیے: سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی سیکیورٹی پر تنازع: حقیقت کیا ہے؟
سماعت کے دوران عدالت نے کیس میں نامزد 16 ملزمان کو مفرور قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
پراسیکیوشن کے مطابق اشتہاری قرار دیے گئے ملزمان میں منگل باغ، حاجی گل بہادر، کمانڈر عمر خالد خراسانی، کمانڈر حافظ سعید، کمانڈر اورنگزیب، کمانڈر فضل اللہ، حافظ دولت، قاری شکیل، قاری سیف اللہ، اسلام فاروقی، مولوی فقیر، اجنبی، انگارا اپاجی، ابوذر اور سرور شاہ سمیت دیگر شامل ہیں۔
پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ 16 دسمبر 2014 کو دہشت گردوں نے پشاور میں واقع آرمی پبلک اسکول پر حملہ کیا تھا۔ اس واقعے میں 140 سے زائد بچے شہید جبکہ 200 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے تھے۔
عدالت نے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد درخواست منظور کرتے ہوئے دو ملزمان کو مقدمے سے بری کرنے کا حکم جاری کر دیا، جبکہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی تیز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
