لکی مروت: ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال لکی مروت میں غفلت، بدانتظامی اور لاپرواہی پر محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے بڑی انتظامی کارروائی کرتے ہوئے 61 ڈیوٹی سے غیر حاضر ملازمین کو معطل کر دیا ہے، جبکہ ایم ایس ڈاکٹر اکبرزمان سمیت متعدد ڈاکٹرز کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔

 

محکمہ صحت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایم ایس ڈاکٹر اکبرزمان، ڈاکٹر محمد اسماعیل اور ڈاکٹر وقاص احمد کو ڈی جی ہیلتھ آفس پشاور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

 اسی نوٹیفکیشن کے تحت گریڈ بیس کے ڈاکٹر اختر زمان کو ڈی ایچ کیو ہسپتال لکی مروت کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔

 

مزید برآں ڈاکٹر عمر حیات کو نیا ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تعینات کیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر جان بہادر کو بھی ڈی ایم ایس کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ ڈیوٹی سے غیر حاضر 61 ملازمین کے خلاف E&D رولز 2011 کے تحت باضابطہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

 

کارروائی کے دوران ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سٹور سے زائد المعیاد ادویات بھی برآمد ہوئیں، جس پر ذمہ دار اہلکاروں کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں غفلت، کوتاہی اور بدانتظامی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ڈی جی ہیلتھ خیبر پختونخوا سمیت محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران نے ڈی ایچ کیو ہسپتال لکی مروت کا اچانک دورہ کیا تھا، جہاں ادویات کی عدم دستیابی، مریضوں کو سہولیات نہ ملنے اور صفائی کی ناقص صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا تھا۔

 

محکمہ صحت کے مطابق یہ کارروائی عوامی شکایات اور صحافتی رپورٹس کے بعد عمل میں لائی گئی ہے، جس کا مقصد صحت کے نظام کو بہتر بنانا اور عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔