طورخم: افغانستان میں موجود پاکستانی طلباء کی پاکستان واپسی کے لیے شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق طلباء کو آج اور کل کو طورخم بارڈر کے ذریعے وطن واپس آنے کی اجازت دی گئی ہے۔
طورخم ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دو دنوں میں بارڈر صرف طلباء کی واپسی کے لیے کھلا رہے گا جبکہ عام شہریوں کو اس سہولت کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام نے طلباء کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں پر اپنے مکمل سفری دستاویزات کے ساتھ طورخم بارڈر پہنچیں۔
ذرائع کے مطابق اس وقت پاکستانی طلباء افغانستان سائیڈ طورخم بارڈر پر موجود ہیں افغان کمشنر کے مطابق وزارتِ داخلہ سے طلباء کی فہرست موصول ہو چکی اور انہی اجازت دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ان تمام طلباء کا تعلق پاکستان کے مختلف علاقوں سے ہے۔ انہوں نے افغانستان میں احتجاج بھی کیا اور دونوں ممالک کی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ زمینی راستے کے ذریعے فوری واپسی ممکن بنائی جائے کیونکہ فضائی سفر کے اخراجات ان کی استطاعت سے باہر ہیں۔
طلباء کا کہنا تھا کہ تاخیر کے باعث ان کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
