ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ فرعون، نمرود اور رضا شاہ کے ساتھ جو انجام ہوا، وہی انجام ٹرمپ کا بھی ہوگا۔

 

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ غرور میں مبتلا ایک شخص خود کو پوری دنیا کے فیصلوں کا مالک سمجھ رہا ہے، حالانکہ تاریخ گواہ ہے کہ اقتدار کے عروج پر موجود طاقتور ترین حکمران بھی انجام سے نہ بچ سکے۔انہوں نے زور دیا کہ طاقت اور تکبر ہمیشہ زوال کا سبب بنتے ہیں۔

 

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا اور اسرائیل پر ایران میں بدامنی پھیلانے کا الزام عائد کر دیا ہے۔

 

ایرانی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں صدر پزشکیان نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل عوام کو اشتعال دلا رہے ہیں اور انہیں تخریب کاری پر اکسا رہے ہیں، یہی وہ قوتیں ہیں جنہوں نے ایران پر حملے کیے۔

 

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ کسی غیر ملکی طاقت کو قوم میں انتشار اور خلفشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور ریاست ایسے تمام عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔

 

ادھر امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران مذاکرات کا خواہاں ہے اور ممکنہ ملاقات کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے خلاف انتہائی طاقتور آپشنز پر بھی غور کر رہا ہے۔