باجوڑ میں عوامی نیشنل پارٹی کے رکنِ صوبائی اسمبلی نثار باز خان نے مطالبہ کیا ہے کہ حلقہ پی کے 22 کے ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم فوری طور پر بند کی جائے، بصورتِ دیگر عوام کے حقوق کے لیے عدالتی راستہ اختیار کرنے کے بعد اب سڑکوں پر بھی احتجاج کیا جائے گا۔

 

باجوڑ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی کے 22 کے ترقیاتی فنڈز دیگر حلقوں اور غیر منتخب نمائندوں میں تقسیم کر دیے گئے ہیں، جس کے باعث ان کے حلقے کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہو گئے ہیں۔

 

نثار باز خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سیاسی دشمنی کی بنیاد پر ان کے حلقے کے عوام کو دانستہ طور پر نظر انداز کر رہی ہے، جو عوامی مینڈیٹ کی صریح توہین ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حلقے کی 31 ویلج کونسلز کے مسائل پر مشتمل تفصیلی ترقیاتی پروپوزل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو ارسال کیا گیا، تاہم اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

 

ایم پی اے نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا عوامی مینڈیٹ کی توہین بند کریں اور پی کے 22 کے جائز ترقیاتی فنڈز فوری طور پر جاری کریں۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے حلقے کے عوام کے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے اور ہر صورت اپنے حلقے کے فنڈز لے کر آئیں گے، چاہے اس کے لیے احتجاج کا راستہ ہی کیوں نہ اختیار کرنا پڑے۔