بنوں میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) کے پنشنرز نے ماہوار پنشن، اضافی واجبات (کنوٹی شن)، ایک ساتھ ادا کی جانے والی رقم (یکمشت ادائیگی) اور دیگر بقایاجات کی عدم ادائیگی کے خلاف بنوں پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ طویل عرصے سے 483 پنشنرز کو ان کی جائز پنشن نہیں دی جا رہی، جس کے باعث وہ شدید مالی اور ذہنی مشکلات کا شکار ہیں۔
مقررین نے بتایا کہ ٹی ایم اے بنوں کے پاس کروڑوں روپے پر مشتمل اپنی خود کی آمدن موجود ہونے کے باوجود پنشنرز کو ان کا بنیادی حق فراہم نہیں کیا جا رہا، جو سراسر ناانصافی ہے۔
احتجاجی رہنماؤں نے صوبائی حکومت اور ٹی ایم اے بنوں کی کارکردگی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ پنشنرز نے اپنی زندگی کے قیمتی سال ادارے کی خدمت میں گزارے، مگر آج بڑھاپے میں انہیں در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنشنرز اس وقت شدید معاشی مشکلات، علاج معالجے اور دیگر بنیادی ضروریات سے دوچار ہیں۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ماہوار پنشن، اضافی واجبات اور ایک ساتھ ادا کی جانے والی رقم (یکمشت ادائیگی) سمیت دیگر بقایاجات کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
احتجاج کی قیادت چیئرمین غلام دیاز، صدر حاتم گل، ممتاز، سیف اللہ خان اور محمد سلیم خان نے کی، جبکہ مظاہرے میں بڑی تعداد میں پنشنرز نے شرکت کی، تاہم مظاہرین نے واضح کیا کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں وہ کسی بھی حد تک جانے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
