خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ سے باڑہ کی جانب نقل مکانی کرنے والے ایک خاندان کی گاڑی کو افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں تین افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق وادی تیراہ کے علاقے میدان سے آنے والا ایک ٹرک منگل باغ کنڈاؤ کے مقام پر الٹ گیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں محمد شاہ ولد اول بادشاہ، ان کا بیٹا، جبکہ ایک شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ جاں بحق افراد کا تعلق قوم شلوبر اور رہائش پیر میلہ بتائی جاتی ہے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ خاندان محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو رہا تھا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے شخص کو فوری طور پر پائندہ چینہ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق اس کی حالت تشویشناک ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی جبکہ مقامی افراد نے متاثرہ خاندان کے لیے فوری امداد اور زخمی کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ وادی تیراہ میدان سے نقل مکانی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک 5 ہزار سے زائد خاندان وادی تیراہ سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔
نقل مکانی کرنے والے متاثرین کے لیے ضلعی انتظامیہ خیبر نے رجسٹریشن، نادرا بایومیٹرک تصدیق اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں، جبکہ ایک دو روز میں باقاعدہ رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
