ممبر صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایات پر خیبر کے علاقے پائندہ چینہ میں قائم تیراہ متاثرین کے رجسٹریشن پوائنٹ اور سہولت مرکز کا دورہ کیا، جہاں نقل مکانی کرنے والے متاثرین سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے گئے۔
دورے کے دوران انتظامیہ کو رجسٹریشن اور انٹری کے عمل کو تیز اور منظم بنانے، اہلکاروں کی تعداد بڑھانے اور لمبی قطاروں سے بچاؤ کی ہدایات جاری کی گئیں تاکہ متاثرین کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
کرایوں میں کٹوتی کی شکایات پر ڈپٹی کمشنر خیبر سے فوری رابطہ کر کے انٹری پوائنٹس پر باقاعدہ کرایہ نامہ آویزاں کرنے کے احکامات دیے گئے، جبکہ خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی وارننگ دی گئی۔
ایم پی اے عبدالغنی آفریدی نے لنگر خانے کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ ہر متاثرہ فرد کو مکمل فوڈ پارسل فراہم کیا جائے، جبکہ تاخیر کا شکار خاندانوں کے لیے قیام و طعام کا مناسب انتظام یقینی بنایا جائے۔
دورے کے موقع پر پارٹی ترجمان پی کے 71 محب اللہ آفریدی، اسسٹنٹ کمشنر باڑہ طلحہ رفیق اور تحصیلدار باڑہ داؤد آفریدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
واضح رہے کہ تیراہ متاثرین کی جانب سے سوشل میڈیا پر خصوصاً سردی کے موسم سے متعلق انتظامات کی کمی پر شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
