خیبر کے علاقے وادی تیراہ میدان میں ممکنہ آپریشن کے پیشِ نظر نقل مکانی کرنے والے درجنوں خاندان دواتوئی چیک پوسٹ پر رجسٹریشن کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
رجسٹریشن عملہ ناکافی ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں، جبکہ مرد، خواتین، بزرگ اور بچے سخت سردی میں گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔
علاقے سے موصول اطلاعات کے مطابق کئی خاندان گزشتہ رات بھی اپنی گاڑیوں میں گزارنے پر مجبور ہوئے، جس سے خصوصاً خواتین، بچوں اور بزرگوں کے لیے حالات انتہائی تکلیف دہ ہو گئے۔
رات کے وقت سخت سردی اور درجہ حرارت میں مسلسل کمی نے متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا۔
جمعیت علماء اسلام تیراہ کے جنرل سیکرٹری نورحلیم آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن کے لیے عملہ نہایت کم ہے، جس کی وجہ سے لوگ گھنٹوں قطاروں میں کھڑے ہیں اور خواتین و بچے شدید سردی کا سامنا کر رہے ہیں۔
نورحلیم آفریدی نے کہا کہ ایسے حالات میں خطرہ ہے کہ بچے اور بزرگ شدید سردی سے متاثر ہو سکتے ہیں، اس لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام فوری اقدامات کریں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ دواتوئی رجسٹریشن پوائنٹ پر عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، رجسٹریشن کا عمل تیز کیا جائے اور متاثرین کے لیے ہنگامی بنیادوں پر گرم کپڑے، کمبل اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نقل مکانی کرنے والے وہ لوگ ہیں جنہوں نے ماضی میں بھی امن کے لیے قربانیاں دی ہیں، لہٰذا ان کی مشکلات کم کرنا حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
متاثرین نے بھی حکام سے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔
