بنوں کے تھانہ ڈومیل کی حدود میں سابق ناظم تحصیل ڈومیل ملک فدا محمد خان وزیر کے دفتر کے قریب بارودی دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ملک فدا محمد خان وزیر معمولی زخمی ہوئے اور ان کی گاڑی شدید نقصان کا شکار ہوئی۔
پولیس کے مطابق نامعلوم دہشتگردوں نے دفتر کے ساتھ آئی ای ڈی نصب کی تھی جو زور دار دھماکے سے پھٹ گئی۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاش اور سیکیورٹی آپریشن شروع کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اہلیانِ علاقہ نے دفتر پر دہشتگردوں کو کھلے عام للکارا تھا، اور اسی کے بعد یہ واقعہ پیش آیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکہ دفتر کے مرکزی گیٹ کے قریب ہوا، اور دھماکے کے اثرات سے دفتر کی عمارت اور گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
