ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مردان مسعود بنگش کی ہدایت پر کی گئی شفاف انکوائری کے بعد پولیس محکمے میں بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور جرائم پیشہ عناصر سے روابط کے الزامات میں ملوث 8 ایس ایچ اوز  کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر 124 پولیس اہلکاروں کو معطل کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے۔

 

خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں پولیس محکمے میں احتساب اور اصلاحاتی عمل کے تحت یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

 

 انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر مزید اقدامات کرتے ہوئے 12 اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست اور 19 اہلکاروں کو جبری ریٹائرمنٹ دے دی گئی۔

 

ڈی پی او مسعود بنگش نے واضح کیا ہے کہ پولیس فورس میں بدعنوانی، بداخلاقی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو عوام دوست، شفاف اور پیشہ ور ادارہ بنانے کے لیے احتسابی عمل کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔