بنوں: سرائے نورنگ تھانے کی حدود میں دہشت گردوں نے دورانِ ڈیوٹی تین ٹریفک پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
اس کے بعد بنوں کے تھانہ منڈان کی حدود میں ایک اور دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے پولیس اہلکار رشید خان کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ پولیس ذرائع کے مطابق رشید خان موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق شہید رشید خان پولیس لائن میں کک کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے اور ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد گھر جا رہے تھے کہ کفشی خیل منڈان کے علاقے میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کر دی۔
واقعے کے فوراً بعد شہید پولیس اہلکار کی لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بنوں ریجن میں گزشتہ چار گھنٹوں کے دوران چار پولیس اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق ان واقعات کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
