پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے ابتدائی 15 رکنی اسکواڈ اور ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست آئی سی سی کو ارسال کر دی ہے، جس میں بابر اعظم، شاہین آفریدی اور حارث روف کے نام بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق، پی سی بی 31 جنوری تک اسکواڈ میں بغیر آئی سی سی کی منظوری تبدیلی کر سکتا ہے، تاہم اس تاریخ کے بعد کسی بھی تبدیلی کے لیے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے اجازت ضروری ہوگی۔
بورڈ کا ارادہ ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد اسکواڈ کا حتمی اعلان کیا جائے، تاکہ کھلاڑیوں کی موجودہ فارم کا جائزہ لیا جا سکے۔ ابتدائی فہرست میں وہ کھلاڑی بھی شامل ہیں جو سری لنکا کے دورے میں حصہ لے رہے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شروع ہوگا، اور پاکستان اپنی تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔
