مذہبی اسکالر انجینئر محمد علی مرزا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل میں مایوس نظر آتے ہیں۔
اڈیالہ جیل میں قید رہنے والے انجینئر محمد علی مرزا نے جیل کے اندر کے حالات سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو محل جیسی سہولیات تو حاصل نہیں، مگر انہیں بیرونی دنیا کی خبروں تک رسائی حاصل ہے۔
ان کے مطابق عمران خان کو دو اخبارات دیے جاتے ہیں اور ان کے کمرے میں ایل ای ڈی بھی لگی ہوئی ہے۔
انجینئر محمد علی مرزا کے مطابق عمران خان کو رہائش کے لیے چھ چکیاں فراہم کی گئی ہیں، جن میں سے پانچ ان کے ذاتی استعمال میں ہیں جبکہ چھٹی چکی میں ان کا مشقتی رہتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان روزانہ دن میں دو مرتبہ اپنی چکی سے باہر آتے تھے، صبح 9 بجے ناشتہ اور دوپہر 3 بجے کھانے کے لیے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے مشقتی دیسی گھی میں کھانا تیار کرتے تھے، جس کی خوشبو اطراف میں بھی محسوس ہوتی تھی۔ انجینئر محمد علی مرزا کے مطابق جب عمران خان غصّے میں آتے تو بلند آواز میں اور مسلسل گفتگو کرتے تھے۔
