محکمہ تعلیم کے زیرِ نگرانی پشاور میں منعقدہ سکولز گیمز کے ہائی جمپ مقابلے کے دوران بنوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی کے زخمی ہونے کے واقعے پر وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل تاج محمد ترند نے فوری نوٹس لیا۔
مشیر کھیل نے زخمی کھلاڑی کے بھائی سے رابطہ کر کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور کھلاڑی کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ زخمی کھلاڑی کے علاج معالجے کے تمام اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی اور اسے ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
تاج محمد ترند نے کہا کہ صوبائی حکومت کھلاڑیوں کی حفاظت، فلاح و بہبود اور سلامتی کو اولین ترجیح دیتی ہے۔
کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں متاثرہ کھلاڑی کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا بلکہ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی باقاعدہ انکوائری کرائی جائے گی اور اگر انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہوئی تو ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
