وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے شہریوں کی شکایات کے فوری اور براہ راست ازالے کے لیے منفرد اقدام اٹھاتے ہوئے آن لائن کھلی کچہریوں کے سلسلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کا آغاز ضلع باجوڑ سے کیا گیا۔

 

 آن لائن کھلی کچہری کے دوران وزیر اعلیٰ براہ راست عوامی مسائل سنتے رہے اور متعلقہ حکام کو فوری احکامات جاری کیے۔

 

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے واضح ہدایت کی کہ عوام کی شکایات 14 دن کے اندر ہر صورت حل کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔

 

وزیر اعلٰی سہیل خان آفریدی نے قبائلی اضلاع کیلئے 1000 ارب کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا اور  تعلیم کے شعبے کے حوالے سے سکولوں میں بنیادی سہولیات کی کمی اور عملے کی عدم دستیابی پر فوری کارروائی کا حکم دیا، جبکہ ہدایت کی کہ چالیس طلبہ پر ایک استاد کے صوبائی معیار پر ہر صورت عمل درآمد کرایا جائے۔

 

 انہوں نے سیکنڈ شفٹ اساتذہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے، کم از کم ماہانہ تنخواہ پالیسی کے نفاذ اور اساتذہ کی تنخواہیں براہ راست اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

 

پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلق ہدایات دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے مسافروں کی مقررہ تعداد اور کرایہ ناموں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا اور خبردار کیا کہ خلاف ورزی پر ٹرانسپورٹرز کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے۔

 

صحت کے شعبے میں وزیر اعلیٰ نے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی حاضری یقینی بنانے، عوامی شکایات کے فوری ازالے اور متعلقہ حکام کو اچانک دورے کرنے کی ہدایت کی۔

 

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے سابق فاٹا گیمز کی بحالی کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ قبائلی نوجوانوں کو کھیلوں میں بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ضلع باجوڑ میں لنک روڈز کی بحالی، پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق شکایات کے فوری حل کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔

 

وزیر اعلیٰ نے شہریوں سے گفتگو میں کہ ہم اپنے قائد عمران خان کے وژن “آپ کا وزیر اعظم آپ کے ساتھ” کے  پیٹرن پر عوامی رابطہ مستحکم کر رہے ہیں، اسی تسلسل میں “آپ کا وزیر اعلیٰ آپ کے ساتھ” کے تصور پر عملی اقدامات جاری ہیں۔

 

 جس طرح عمران خان قوم کا درد رکھتے ہیں، اسی طرح آپ کا وزیر اعلیٰ بھی آپ کے ساتھ ہے اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جا رہا ہے۔