قبائل یونین آف جرنلسٹس کے وفد نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی سے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی اور کمشنر پشاور ریاض محسود کے خلاف شکایت پیش کی۔
وفد نے موقف اختیار کیا کہ کمشنر پشاور ریاض محسود نے اپنے انتظامی اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قبائل یونین کے مرکزی صدر اوردین محسود کے پیٹرول پمپ کو غیر قانونی طور پر سیل کر دیا۔
پیٹرول پمپ ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں واقع ہے، جو کمشنر پشاور کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، اس لیے اس اقدام کو صحافیوں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
قبائل یونین نے اس اقدام پر شدید تشویش ظاہر کی اور کہا کہ صحافیوں کے پیشہ ورانہ فرائض میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے انتقامی کارروائی ناقابل قبول ہے۔
وفد نے وزیرِ اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔
وفد کی قیادت نائب صدر اورنگ زیب آفریدی نے کی، جبکہ جنرل سیکرٹری لعل ضمیر شاہ اور دیگر سینئر صحافی بھی شامل تھے۔
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے قبائلی صحافیوں کے کردار اور خدمات کو سراہا اور ان کے مسائل کے حل اور شکایات پر مناسب کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔
ادھر، ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان اپر عصمت اللہ وزیر کے احکامات پر اوردین محسود کے پٹرول پمپ (انور فلنگ اسٹیشن مکین) کو ڈی سیل کرکے دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔
