محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
کراچی میں رات گئے آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، سلطان آباد، شاہراہ فیصل، طارق روڈ، ضیاءالدین احمد روڈ، صدر، سولجر بازار، جمشید روڈ اور سول لائنز میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ سندھ کے دیگر علاقوں دادو، جیکب آباد، لاڑکانہ، حیدرآباد اور جامشورو میں بھی بارش ہوئی۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور گردونواح میں بارش ہوئی، جبکہ لسبیلہ اور وندر میں بھی بادل برسے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں مزید بارش متوقع ہے، جبکہ نوشکی، ژوب، قلات، بارکھان اور موسیٰ خیل میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ مری، راولپنڈی، جھنگ، شیخوپورہ، ساہیوال، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو اور بہاولنگر میں بھی بارش کی توقع ہے۔
اوکاڑہ، قصور، خانیوال، خانپور، بہاولپور، رحیم یار خان کے علاوہ خیبر پختونخوا کے علاقوں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی اور کرم میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح مردان، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، پشاور، وزیرستان، کرک اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
