پاکستان نے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت افغانستان کے لیے عالمی خوراک پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے کنٹینرز کی کلیئرنس کی اجازت دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ کنٹینرز کراچی سے پی کے جی انٹرنیشنل کمپنی کے ذریعے کلیئر کئے گئے ہیں اور امکان ہے کہ یہ کنٹینرز آج طورخم بارڈر پہنچ جائیں گے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹینرز کی بروقت اور شفاف کلیئرنس کو یقینی بنانے کے لیے کسٹمز اسٹاف کوہاٹ میں جمرود این ایل سی اور طورخم بارڈر پر موجود ہے۔ کنٹینرز کی آمد پر پی کے جی انٹرنیشنل کمپنی کے نمائندے فیاض شینواری کسٹمز عملے کے ہمراہ کلیئرنس کے عمل کی نگرانی کریں گے تاکہ امدادی سامان بغیر کسی تاخیر کے افغانستان منتقل کیا جا سکے۔

 

واضح رہے کہ طورخم بارڈر اس وقت پیدل آمدورفت اور تجارت کے لیے بند ہے، تاہم آج انسانی ہمدردی اور خیر سگالی کے جذبے کے تحت ان کنٹینرز کو افغانستان جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ اب یہ واضح ہونا باقی ہے کہ افغانستان عالمی خوراک پروگرام کے تحت ان کنٹینرز کو قبول کرتا ہے یا نہیں۔

 

یہ اقدام پاکستان کی جانب سے خطے میں انسانی ہمدردی، تعاون اور خیر سگالی کی پالیسی کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔