آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا) کے کال پر آج 30 دسمبر کو باجوڑ پریس کلب میں سرکاری ملازمین نے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا۔ احتجاج میں آل ٹیچرز ایسوسی ایشن، مختلف اساتذہ تنظیموں، سرکاری ملازمین کی نمائندہ تنظیموں اور دیگر سرکاری ملازمین نے شرکت کی۔
احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صدر وحدت اساتذہ و آل ٹیچرز ایسوسی ایشن باجوڑ تاثیر جان، جنرل سیکرٹری و صدر ملگری استاذان واہب جان، سینئر نائب صدر عمر خطاب عمر خیل، تنظیم اساتذہ کے خان زرین، پی ٹی ایف کے جہانگیر خان، انصاف ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صلاح الدین، پیرامیڈیکس کے محمد حکیم اور نزیر صافی، کالجز کے محمد داؤد، ایس ایس ٹی کے ایوب اور دیگر مقررین نے پنشن اصلاحات، پرائیویٹائزیشن، سی پی فنڈ پالیسی اور سرکاری ملازمین پر عائد بھاری ٹیکسوں کو مسترد کر دیا۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ حکومت مرکز کے طرز پر سرکاری ملازمین کو ڈی آر اے الاؤنس جاری کرے، تمام کیڈرز کے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا جلد اعلان کیا جائے، کنٹریکٹ اساتذہ کو مستقل کیا جائے اور کلاس فور ملازمین کی تقرری ڈیلی ویجز کے بجائے مستقل بنیادوں پر کی جائے۔ انہوں نے سن کوٹہ کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ تمام اساتذہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ ہیں اور انہیں کسی قسم کے ٹیچنگ لائسنس کی ضرورت نہیں، حکومت ٹیچنگ لائسنس کا فیصلہ واپس لے۔
احتجاجی رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو اگیگا قائدین کی کال پر کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان قیادت کی ہدایات پر کیا جائے گا۔
