خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے شلوبر میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں موٹر سائیکل میں نصب بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ سیکیورٹی فورسز ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے 8 اہلکاروں سمیت 2 شہری شدید زخمی ہو گئے۔

 

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بم موٹر سائیکل میں فِٹ کر کے سڑک کے کنارے کھڑا کیا گیا تھا، جیسے ہی سیکیورٹی فورسز کا قافلہ قریب پہنچا تو دھماکہ ہو گیا۔ واقعے کے فوراً بعد زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

 

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔