عالمی منڈی میں معاشی بے یقینی کے باعث چاندی کی قیمت نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چاندی نے پہلی بار 75 ڈالر فی اونس کی حد عبور کی ہے، جبکہ سونا اور پلاٹینم کی قیمتیں بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔

 

رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں چاندی کی قیمت میں 3.6 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد چاندی کی قیمت 74.52 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔ رواں سال کے دوران چاندی کی مجموعی قیمت میں 158 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ جون کے اختتام کے بعد چاندی کی قیمت تقریباً دوگنی ہو چکی ہے۔

 

ماہرین کے مطابق چاندی کی قیمت میں اضافے کی اہم وجوہات میں اے آئی ڈیٹا سینٹرز، الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری اور مہنگائی سے بچاؤ کے لیے سرمایہ کاری شامل ہے۔

 

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سپاٹ سونے کی قیمت 0.6 فیصد اضافے کے بعد 4 ہزار 505 اعشاریہ 03 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے، جبکہ اس سے قبل سونے کی قیمت 4 ہزار 530 اعشاریہ 60 ڈالر کی نئی بلند ترین سطح تک پہنچ چکی تھی۔

 

اسی طرح پلاٹینم کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، اور 2025 کے دوران اس کی قیمت میں تقریباً 158 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سونے اور چاندی کی قیمتوں میں 1979 کے بعد رواں سال سب سے بڑا اضافہ سامنے آیا ہے۔