خیبرپختونخوا حکومت نے نئی پالیسی کے تحت صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لیے 10 ہزار 74 پرائمری اساتذہ کی عارضی بھرتیوں کی منظوری دے دی ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق اساتذہ کی یہ بھرتیاں مکمل طور پر ٹیلنٹ پول سے مقررہ طریقہ کار کے تحت پی ٹی سیز (پیرنٹ ٹیچر کونسلز) کے ذریعے کی جائیں گی۔ سمر زون کے سکولوں میں اساتذہ کی بھرتی 16 جنوری سے 31 مئی تک پانچ ماہ کے لیے ہوگی، جبکہ ونٹر زون کے سکولوں میں یکم مارچ سے 30 جون تک چار ماہ کے لیے اساتذہ تعینات کئے جائیں گے۔
دستاویزات کے مطابق بندوبستی اضلاع کے لڑکوں کے سکولوں میں 2 ہزار 910 اور لڑکیوں کے سکولوں میں 2 ہزار 935 اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے، جس کے بعد بندوبستی اضلاع میں مجموعی طور پر 5 ہزار 845 عارضی اساتذہ تعینات ہوں گے۔
اسی طرح ضم شدہ اضلاع میں لڑکوں اور لڑکیوں کے سکولوں کے لیے مجموعی طور پر 4 ہزار 229 اساتذہ کی عارضی بھرتی کی منظوری دی گئی ہے، جن میں خیبر، باجوڑ، کرم، مہمند، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان، اورکزئی اور دیگر سب ڈویژنز شامل ہیں۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تعلیمی عمل کو متاثر ہونے سے بچانا اور طلبہ کو اساتذہ کی کمی کے باعث پیش آنے والی مشکلات کا فوری حل فراہم کرنا ہے۔ حکومت کے مطابق عارضی بھرتیوں سے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
