محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا ،  پنجاب اور بالائی سندھ کے میدانی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات کے دوران دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث ٹریفک کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، تاہم وہاں بارش کا کوئی واضح امکان نہیں ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ استور میں درجہ حرارت منفی 6، گوپس میں منفی 5 جبکہ اسکردو، ہنزہ اور قلات میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ اس کے علاوہ کالام، گلگت، کوئٹہ اور دیر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سردی برقرار رہی۔

 

محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے، خاص طور پر شمالی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔