کراچی میں جمعیت علمائے اسلام (س) کے امیر مولانا عبدالحق ثانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے اسلامی تشخص کا ہر صورت دفاع کریں گے اور اسے کمزور کرنے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نفاذِ شریعت کیلئے واضح روڈمیپ پیش کیا جائے اور علمائے کرام کی تجاویز کو اہمیت دی جائے۔
مولانا عبدالحق ثانی اس وقت چھ روزہ دورے پر کراچی میں ہیں۔ انہوں نے مجلس اتحادِ امت کی کانفرنس میں شرکت کی، جس کی صدارت مفتی تقی عثمانی نے کی، جبکہ مختلف مسالک کے علمائے کرام بھی شریک تھے۔ مولانا عبدالحق ثانی نے کانفرنس کے دس نکاتی اعلامیے کی مکمل حمایت کی۔
دورے کے دوران انہوں نے جامعہ بنوری ٹاؤن، جامعہ احسن العلوم، جامعہ دارالخیر، جامعہ صفہ، جامعہ محمودیہ، جامعہ حقانیہ، جامعہ رحمانیہ اور جامعہ انوار العلوم سمیت مختلف دینی مدارس کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دینی مدارس ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، ان کی رجسٹریشن آسان بنائی جائے اور بے جا مسائل پیدا نہ کیے جائیں۔
