پشاور میں وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رمضان پیکج کی تقسیم شروع ہو گئی ہے۔
آج چھٹی کے باوجود دو لاکھ لوگوں کو رمضان پیکج دیا گیا جبکہ پیر تک نو لاکھ مستحقین تک یہ پیکج پہنچ جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: ہم پاکستانی کب بنیں گے؟
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کے پی حکومت نے اپنے اخراجات کم کیے ہیں اور وفاق کو بھی اپنے اخراجات کم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر قربانی عوام سے نہیں مانگی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کے دنوں میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے عوام کو مہنگائی سے بچایا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے وفاقی وزراء سے اپیل کی کہ وہ اپنے پروٹوکول اور اخراجات کم کریں۔
کرکٹ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے ذریعے پشاور میں کرکٹ بحال ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں، بانی کی رہائی کے لیے رہائی فورس کے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں اور جلد ہی یہ فورس تشکیل دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت شخصیتوں کے خلاف نہیں بلکہ پالیسیوں کے خلاف ہے اور افسران میٹنگ کے لیے آن لائن بھی شرکت کر سکتے ہیں۔
