وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے رمضان پیکج کے تحت مستحق افراد کو مالی امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔

 

حکومتی اعلامیے کے مطابق گزشتہ روز ایبٹ آباد، نوشہرہ، بنوں، پشاور، خیبر، مردان اور لوئر دیر میں 119,000 مستحق افراد کو 8558 کے نمبر سے پیغام بھیج دیا گیا، جس میں انہیں 12,500 روپے وصول کرنے کی اطلاع دی گئی۔

 

یہ بھی پڑھیے: پاک افغان سرحدی کشیدگی: گھروں سے ہجرت پر مجبور باجوڑ کے خاندان کہاں جائیں؟

 

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مستحق افراد اصل شناختی کارڈ کے ساتھ بایومیٹرک تصدیقی نظام کے ذریعے تصدیق کے بعد کسی بھی جاز کیش ایجنٹ سے رقم وصول کر سکتے ہیں۔

 

حکومت کے مطابق صوبے بھر میں رقم کی ادائیگی کے لیے 5,590 جاز کیش مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کوئی ایجنٹ رقم میں کٹوتی کرے تو فوری طور پر شکایت درج کروائیں۔

 

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سرکاری پیغام صرف 8558 کے نمبر سے موصول ہوگا، جبکہ شکایات کے لیے ہیلپ لائن نمبرز 0800-00444 اور 111-124-444 بھی جاری کیے گئے ہیں۔

 

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام رمضان المبارک کے دوران مستحق خاندانوں کو فوری مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔