محکمہ پاسپورٹ نے درخواستوں، پاسپورٹ پرنٹنگ اور مجموعی کارکردگی کی نگرانی کے لیے جدید مانیٹرنگ نظام متعارف کرا دیا ہے۔ محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈی جی پاسپورٹس کے احکامات پر ہیڈکوارٹرز میں خصوصی 24/7 مانیٹرنگ روم قائم کر دیا گیا ہے۔

 

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مانیٹرنگ روم میں ڈیجیٹل انٹیگریٹڈ ڈیش بورڈ کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کی مانیٹرنگ اور ایویلیوایشن کی جائے گی۔ نئے نظام کے تحت پاسپورٹ درخواستوں اور ان کی ڈیلیوری کی رئیل ٹائم نگرانی ممکن ہو سکے گی، جبکہ اپلائی کرنے سے لے کر پاسپورٹ کی فراہمی تک ہر مرحلے پر نظر رکھی جائے گی۔

 

محکمہ پاسپورٹ کے مطابق جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے پاسپورٹ دفاتر میں رش کی خودکار نشاندہی بھی کی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ اسٹاف کی کارکردگی، پاسپورٹ پرنٹنگ کے عمل اور دفاتر میں کام کی رفتار کو بھی مانیٹر کیا جائے گا۔ نیٹ ورک مینجمنٹ سسٹم کے تحت بیک لاگ اور مشینری کی صورتحال پر بھی مسلسل نظر رکھی جائے گی۔

 

ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی کا کہنا ہے کہ جدید مانیٹرنگ نظام سے محکمہ پاسپورٹس کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔ ان کے مطابق افسران اور عملے کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ دفاتر میں شہریوں کے رش کو بھی مانیٹر کیا جائے گا، جبکہ نشاندہی ہونے والے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے مؤثر نظام متعارف کرایا گیا ہے۔