خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔

 

پشاور، ہنگو اور چارسدہ میں بارش کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا جبکہ چترال، کالام، مہوڈنڈ اور مالم جبہ میں برفباری سے علاقے نے سفید چادر اوڑھ لی۔ آزاد کشمیر کی زیریں وادی نیلم میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق آج مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور گرد و نواح، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک اور جہلم میں بارش متوقع ہے۔

 

مشرقی پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے بعض علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔