ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں 19 دسمبر کو بلدیاتی نمائندگان نے یومِ سیاہ مناتے ہوئے اپنے حقوق کے لیے احتجاج کیا۔

 

 تحصیل چیئرمین شاہ خالد شینواری کی قیادت میں ٹی ایم اے آفس لنڈی کوتل میں تحصیل کونسل کے ممبران نے مظاہرہ کیا۔

 

مقررین نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے انضمام کے بعد عوام کو نچلی سطح پر اختیارات اور سہولیات کی توقع تھی، لیکن چار سال گزرنے کے باوجود نہ فنڈز دیے گئے اور نہ نظام کو فعال کیا گیا۔

 

انہوں نے الزام لگایا کہ ترقیاتی فنڈز بلدیاتی اداروں کے بجائے ایم پی ایز اور ایم این ایز کو دیے جا رہے ہیں، جو عوامی مینڈیٹ کے خلاف ہے۔

 

تحصیل چیئرمین نے کہا کہ اگر فنڈز اور اختیارات فوری طور پر فراہم نہ کیے گئے تو احتجاجی تحریک مزید تیز کی جائے گی۔ مظاہرین کے مطالبات اسسٹنٹ کمشنر کے ذریعے صوبائی حکومت کو بھیج دیے گئے ہیں۔