محکمہ موسمیات نے ملک میں مغربی ہواؤں کے داخلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے بارش اور برفباری کی نوید سنا دی ہے، جبکہ آئندہ چند روز کے دوران موسم مزید سرد ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج خیبرپختونخوا کے اضلاع پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی چند مقامات پر دھند رہنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
جبکہ اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔ پنجاب کے مختلف اضلاع لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولنگر، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان، قصور، خانیوال، خانپور، کوٹ ادو اور لیہ بھکر میں دھند رہنے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور اور موہنجوداڑو میں دھند کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے موسم کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مغربی ہوائیں 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوں گی، جس کے بعد 20 سے 22 دسمبر کے دوران بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں برفباری جبکہ پشاور میں موسم مزید سرد ہونے اور بارش کا امکان ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں کی بندش اور پھسلن کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
