خیبر پختونخوا حکومت نے پولیس کے حساس یونٹس میں تعینات اہلکاروں کے لیے خصوصی الاؤنس پیکیج تیار کر لیا ہے۔
اسپیشل برانچ، بم ڈسپوزل یونٹ اور کینائن یونٹ کے اہلکاروں کو بنیادی تنخواہ کے 100 فیصد کے برابر خصوصی الاؤنس دینے کی سفارشات مرتب کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق خصوصی الاؤنس 2022 کے بنیادی پے اسکیل کے مطابق دیا جائے گا، جس پر سالانہ ایک ارب 37 کروڑ 16 لاکھ 17 ہزار روپے لاگت آئے گی۔
اسپیشل برانچ کے ایڈیشنل آئی جی پی سے لے کر کانسٹیبل، ڈرائیور، نائب قاصد، سویپر اور دیگر عملے سمیت مجموعی طور پر 1,552 اہلکار اس پیکیج سے مستفید ہوں گے۔
بم ڈسپوزل یونٹ کے 638 اہلکاروں کو موجودہ 5 ہزار روپے کے بجائے بنیادی تنخواہ کے برابر خصوصی الاؤنس دینے کی تجویز ہے، جبکہ کینائن یونٹ کے 60 افسران و اہلکاروں کے لیے الاؤنس 5 ہزار روپے سے بڑھا کر 43 ہزار 610 روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف اور سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں ان کی فلاح و بہبود کے لیے کیا جا رہا ہے۔
