وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے شہداء کے ورثا کے لیے امدادی رقم 50 لاکھ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ زخمی اہلکاروں کے لیے امدادی رقم 10 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔

 

یہ اعلان وزیراعلیٰ سے پاک بھارت جنگ کے دوران شہید ہونے والے فورسز اہلکاروں کے ورثا کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات میں شہداء کے اہل خانہ کے مسائل اور حکومتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت شہداء کے اہل خانہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ شہداء ہمارا فخر ہیں اور حکومت ان کے ورثا کا ہر ممکن خیال رکھے گی۔

 

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اور سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ملک و قوم کی سلامتی کی ضمانت ہیں اور ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔