وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے رات گئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا اچانک دورہ کیا، جہاں شہریوں نے انتظامیہ کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ مریض خوار ہو رہے ہیں جبکہ ہسپتال انتظامیہ دوران ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال میں مصروف رہتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اس صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آج کے بعد ہسپتال انتظامیہ، سرکاری سکول اساتذہ اور تمام سرکاری ملازمین دوران ڈیوٹی موبائل فون استعمال نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شکایت سیل کو فعال کیا جا رہا ہے، شہری اپنی شکایات بھیجیں، باقی کارروائی حکومت کرے گی۔
سہیل آفریدی نے عوام سے اپیل کی کہ جو بھی ملازم دوران ڈیوٹی موبائل فون استعمال کرتا نظر آئے، اس کی ویڈیو بنا کر براہ راست ارسال کی جائے تاکہ فوری ایکشن لیا جا سکے۔
