محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش، برفباری اور دھند کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمے کے مطابق پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دھند رہنے کا امکان ہے۔
بٹگرام، باجوڑ، مہمند، کرم اور خیبر میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی توقع ہے۔ بلوچستان کے علاقوں قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور ژوب میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا، جبکہ مری اور کشمیر کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے مختلف علاقوں سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، لاڑکانہ اور موہنجوداڑو میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جبکہ کوئٹہ اور پشین میں بھی ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
