خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں خاتون سکول ایس ڈی او رضوانہ شاہین کے قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ عدالت نے شواہد کی بنیاد پر مقتولہ کے شوہر نجیب اللہ کو مرکزی ملزم قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ لنڈی کوتل کی حدود میں واقع میری خیل کے ایک سکول میں 17 جون 2023 کو ایس ڈی او رضوانہ شاہین کو چھریوں کے وار سے قتل کیا گیا تھا۔
مقتولہ کا تعلق ضلع بنوں سے تھا اور وہ نوکری کے سلسلے میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ سکول ہاسٹل میں مقیم تھیں۔ واقعے کے بعد ابتدائی طور پر ملزم کا سرا نہیں مل سکا تھا۔
خیبر پولیس نے تفتیش کرتے ہوئے شواہد، گواہوں کے بیانات اور فرانزک مواد کی مدد سے مقتولہ کے شوہر نجیب اللہ کو مرکزی ملزم کے طور پر بے نقاب کیا۔
تفتیش میں سامنے آیا کہ ملزم نے مالی فائدے کی خاطر یہ جرم کیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ عدالت میں پیش کیا۔
تفتیشی افسر سلطان رضا خان کی سربراہی میں کیس کی تحقیقات مکمل کی گئیں اور عدالت میں ٹھوس شواہد پیش کیے گئے، جس کے نتیجے میں عدالت نے ملزم کو سزائے موت سنائی۔
