وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کوہاٹ میں گرلز کیڈٹ کالج کے قیام، کوہاٹ یونیورسٹی میں گرلز کیمپس کے آغاز، ایک ہزار بستروں پر مشتمل اسپتال کی تعمیر اور پینے کے پانی کے دیرینہ مسئلے کے حل کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔

 

کوہاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق میرٹ، گڈ گورننس اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں 16 ہزار بھرتیاں سو فیصد میرٹ پر کی گئی ہیں اور کسی ایک سیاسی سفارش کو ثابت کرنے کا چیلنج دیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ آئندہ تمام محکموں میں بھرتیاں ایٹا کے ذریعے ہوں گی اور خیبر پختونخوا میں کوئی نوکری سیاسی بنیادوں پر نہیں دی جائے گی۔

 

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ اگر کہیں کرپشن کے ثبوت لائے گئے تو حکومت بلا امتیاز سخت کارروائی کرے گی، جبکہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے سرکاری دفاتر کے دروازے عوام کے لیے کھلے رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

 

وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ ملکی قرضہ 80 ہزار ارب روپے تک پہنچ چکا ہے اور عوام کے ٹیکس کا پیسہ ضائع کیا جا رہا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو دبانے اور پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، تاہم صوبائی حکومت عمران خان کی پالیسیوں سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔